قیامت کا وقوع ایک ایسا یقینی امر ہے جس میں کسی بھی مسلمان کے لیے شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے- لیکن قیامت کا ظہور کب ہوگا اس کے بارے میں اللہ تعالی کے علاوہ کوئی نہیں جانتا، البتہ رسول اللہ ﷺنے امت کو چند ایسی علامات سے آگاہ کیا ہے جن سے قیامت کی آمد کا سرسری اندازہ کیا جا سکتا ہے- زیر مطالعہ کتاب میں مولانا اقبال کیلانی نے اپنے مخصوص انداز میں انہی علامات قیامت سے پردہ اٹھایا ہے- کتاب کی تین حصوں میں تقسیم کی گئی ہے پہلے حصے میں ان احادیث کو جگہ دی گئی ہے جن میں امت میں پیدا ہونے والے فتنوں اور گمراہیوں مثلا شراب و زنا وغیرہ کو آشکار کیا گیا ہے – دوسرے حصے میں قیامت کی علامات صغری جن میں دولت کی فراوانی، عورتوں کی کثرت اور برکت کا اٹھ جانا جیسی علامات کی احادیث کی روشنی میں وضاحت کی گئی ہے -کتاب کے تیسرے اور آخری حصے میں قیامت کے بالکل قریب ظاہر ہونے والے واقعات جن میں امام مہدی کی آمد، دجال کا ظہور اور اسی طرح کے دیگر واقعات کو قلمبند کیا گیا ہے-