دار السلام، لاہور

دار السلام، لاہور
268 کل کتب
دکھائیں

  • 31 نجات کا راستہ (بدھ 24 مارچ 2010ء)

    مشاہدات:12490

    نجات کا راستہ یہ کتاب دو مصنفوں کی کاوش ہے جن میں سے ایک مولانا بشیر انصاری صاحب جوکہ مجلہ اہل حدیث کے مدیر ہیں اور دوسرے  محمد بلال حماد صاحب جو کہ فاضل مدینہ یونیورسٹی ہونے کے ساتھ ساتھ مجلہ اہل حدیث کے معاون مدیر بھی ہیں۔مصنفین نے اپنی کتاب میں کتاب وسنت کی روشنی میں مختلف انسانی اعمال کی سدھارنے کی کوشش کی ہے جوکہ اس وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔مصنفین نے اپنی کتاب میں جن موضوعات کا احاطہ کیا ہے  ان سے ایک عقائد کی اصلاح،اخلاق واعمال کی تطہیر وتزکیہ،توحید وشرک کی وضاحت،بداخلاقی پر مبنی امور جیسے شراب نوشی،جوا اور حرام کاری شامل ہیں ،عبادات کی وضاحت،جنت وجہنم کا تذکرہ کرتے ہوئے حقوق والدین،تربیت اولاد کے ساتھ ساتھ زندگی میں پیش آمدہ دیگر مسائل کو اپنا موضوع بنایا ہے جیسے کھانے پینے کے آداب،نفس کی تطہیر،عدل وانصاف،صبر واستقامت،امر بالمعروف ونہی عن المنکر،موسیقی ،رقص وسرود،مالی معاملات کی وضاحت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں پائی جانے والی مختلف رسومات کی بھی شرعی تعلیمات کی روشنی میں وضاحت کی ہے۔
     

  • 32 انكار حديث سے انکار قرآن تک (جمعہ 04 جون 2010ء)

    مشاہدات:29238

    قرآن کریم اور احادیث مقدسہ اسلامی تعلیمات کاسرچشمہ ہیں ۔انگریزوں نے ہندوستان پر قبضہ جمایا توانہوں نے اپنے سامراجی مقاصد کی تکمیل کےلیے مسلمانوں کے عقائد کو متزلزل کرنے کی کوشش کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے جن نام نہادسکالروں کی کاشت کی۔ انہوں نے فتنہ انکار حدیث کی مہم شروع کردی۔الحمدللہ علمائے حق آگے بڑھے انہوں نےقرآن وسنت کے روشن دلائل  وبراہین سے انگریزوں اور ان کے لے پالک دانشوروں کے سارے حربے  بیکار کردئیے اور یوں مسلمانوں کی متاع ایمان  کو تباہ ہونے سے بچایا ایسے علماء کبار کی کہکشاں میں فاضل اجل مولانا عبدالسلام رستمی  حفظہ اللہ کا نام  ایک نادر اضافہ ہے انہوں نے اس کتاب میں قرآن وحدیث اور تعامل صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی روشنی میں سرسید،اسلم جیراج پوری اور غلام احمد پرویز جیسے قلمکاروں کی گمراہ کن تحریروں او ردورازکار تأویلوں  کے بخیے ادھیڑ دیئے ہیں  او ریہ حقیقت اچھی طرح اجاگر کردی ہے  کہ حدیث کا انکار در حقیقت قرآن کا انکار ہے  اسلام اطیعو اللہ واطیعوالرسول کا نام ہے قرآ ن کے ساتھ ساتھ جب تک صحیح احادیث پر پوری طرح یقین او رعمل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ایمان کی لذت شناسی نصیب نہیں ہوگی ۔یہ کتاب اسی حقیقت کی ایمان افروز تفسیراور حجیت حدیث کی دل آویز دستاویز ہے ۔

     

  • 33 بیاض الاربعین (بدھ 07 اپریل 2010ء)

    مشاہدات:15349

    قرآن وحدیث کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فريضہ بعض علماء کے نزدیک فرض عین او ربعض کےنزدیک فرض کفایہ قرار پایا  لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی مسلمان کےلیے اس فريضہ سے مفر نہیں ہے اور نہیں تو کم ازکم اپنی اولاد کی تربیت کےلیے ہرمسلمان پر لازم ہے کہ وہ قرآ ن وحدیث سے اتنا علم ضرور حاصل کرے کہ اسلام کے بنیادی عقائد اور اسلامی معاشرہ سے متعلق احادیث کا ایک ذخیرہ ہرمسلمان کےدل ودماغ میں محفوظ ہو تاکہ کتاب وسنت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ہم ایک اسلامی معاشرہ کی تشکیل دے سکیں اسی مقصد کے پیش نظر مولانا حکیم محمد صادق سیالکوٹی نے معاشرے میں روز مرہ زندگی سے تعلق رکھنے والی چالیس احادیث کا مجموعہ ’’بیاض اربعین‘‘ کے عنوان سے ترتیب دیاہے جسے قبول عام کا درجہ حاصل ہے ۔

  • 34 اتباع سنت (عقائدہ احکام میں) (جمعرات 01 جولائی 2010ء)

    مشاہدات:32987

    اس اہم موضوع پر جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے مشق استاذ ڈاکٹر محمد ضیاالرحمن اعظمی نے قلم اٹھایا اور سنت رسول اللہ ﷺ اور اتباع سنت کے بارے میں ’’ التمسک بالسنۃ فی العقائد و الاحکام ‘‘ کے نام سے عربی زبان میں ایک جامع کتاب مرتب کی کے مستشرقین کے خلاف اپںے اسلاف کی سنت کو جاری رکھا ۔ ڈاکٹر اعظمی نے مذکورہ کتاب میں محدثین اور فقہا کے نظریات و عقائد کو وضاحت کے ساتھ بیان کرتے ہوئے دین اسلام میں اتباع سنت کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے ۔ ہیز جاہلیت کی رسومات و عادات کے بارے میں دین اسلام کا موقف پیش کرتے ہوئے سنت رسول اللہ ﷺ اور اطاعت رسول کا مفہوم واضح کیا ہے اور اولو الامر کی اطاعت کے بارے میں اہل سنت و الجماعت کا عقیدہ بیان کیا ۔کتاب کی اہمیت و افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جناب ڈاکٹر اعظمی کی اجازت سے دار السلام نے اس کتاب کا اردو ترجمہ شائع کرنے کا اہتمام کیا  واضح رہے کہ ترجمہ کا کام ڈاکٹر موصوف کے ایک لائق شاگرد ابو الحسن طاہر محمود شیخ نے انجام دیا ہے ۔(ع۔ر)

     

  • 35 حصن المسلم (اتوار 13 جون 2010ء)

    مشاہدات:25871

    ایک  انسان کی زندگی میں ایسے بہت سے لمحات آتے ہیں جب وہ بے چین مضطرب او ر پریشان ہوجاتا ہے اور کسی ایسے سہارے کی تلاش میں ہوتا ہے جو اسے چین وسکون عطاکرسکےاسلامی تعلیمات جوزندگی کے ہر شعبے کو محیط ہیں یہاں بھی راہ گم کردہ انسانیت کی رہنمائی کرتی اور بتاتی ہیں کہ دلوں کا اطمینان محض یاد خداوندی میں مگن رہنے میں ہے اور مشکلات کا حل اسی صورت میں ممکن ہے جب بارگاہ رب العالمین میں دست التجا کو دراز کیا جائے کہ اس کے سوا کوئی مصائب کو ٹالنے کی استطاعت نہیں رکھتاشرعی اصطلاح میں اسی کو ذکرودعا سے تعبیر کیا جاتاہے پیغمبر اعظم  صلی اللہ علیہ وسلم  نے ہمیں ہر موقع کےلیے بڑی جامع اور مؤثر دعائیں سکھائی ہیں زیرنظر کتاب ''حصن المسلم''بھی اسی نوع کی دعاؤں اور اذکار کامجموعہ ہے  جن کے پڑھنے سے انسان خداکی حفاظت کے قلعے میں میں آجاتا ہے گویا یہ اسم باسمی ہے معروف عالم دین مفسرقرآن حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ نے اپنے رواں اور شگفتہ قلم سے ان دعاؤں کاترجمہ کردیا ہے تاکہ زبان سے نکلے ہوئے الفاظ معانی کی تأثیر سے متصف ہوسکیں ہر مسلمان کو چاہئے کو وہ ان دعاؤں کو یاد کرے اور حرز جاں بنائے

     

  • 36 تھالی کا بینگن (ہفتہ 08 مئی 2010ء)

    مشاہدات:17729

    انسانیت کو ہدایت کی روشنی دینےکےلیے اس دنیامیں بےشمار انبیاء آئےپہلے نبی ہونےکاشرف سیدنا آدم علیہ السلام  کوحاصل ہے او رآخری نبی ہونےکااعزازمحمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حصے میں آیا۔انبیاء کی سیرت کامطالعہ کریں تو  یہ بات سمجھ میں آتی ہےکہ اللہ تعالی نےنبوت کی ذمہ داری کےلیے ایسے افراد کو چناجن کی زندگیاں ہر طرح کے عیب سے پاک تھیں۔سچائی ،پرہیزگاری  اور نیکی ان کا وصف تھا۔نبئی مہرباں صلی اللہ علیہ وسلم خاتم المرسلین ہیں ۔آپ کےبعد کوئی نبی نہیں آئے گا یہ اللہ کافیصلہ ہے۔لیکن کچھ لوگ ذاتی مفادات کےلیے ،اپنی دوکانداری چمکانے کے لیے نبوت کے بند کیے ہوئے محل میں نقب لگانےسے باز نہ آئے ۔ان میں سےایک جھوٹا نبی انگریزوں کےہاتھ سے تراشا ہوا مرزا غلام احمد قادیانی ہے ۔اس جھوٹے نبی کی پرورش کس نے کی؟، اس خاردار پودے کی آبیاری کسے نےکی؟،اس کی جھوٹی شخصیت کو نبوت کا لباس کس نے پہنایا ؟،اس گھٹیا تحریرات اور  خیالات کو الہام کیسے بنایا گیا ؟،یہ سب باتیں آپ کے سامنے’’تھالی کا بینگن ‘‘کی شکل میں پیش ہیں اس کتاب میں  جعلی نبوت کے حقائق کو بڑے دلچسپ انداز میں بیان کیا گیاہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ مرزا کی اپنی ہی تحریروں کی مدد سے  اس کی نبوت کے فتنے کو عیاں کیاگیاہے۔
     

  • 37 پردہ (جمعہ 14 مئی 2010ء)

    مشاہدات:21210

    عورت کے لئے پردے کا شرعی حکم اسلامی شریعت کا طرہ امتیاز اور قابل فخر دینی روایت ہے۔ اسلام نے عورت کو پردے کا حکم دے کر عزت و تکریم کے اعلیٰ ترین مقام پر لا کھڑا کیا ہے۔اس لئے دختران اسلام کو پردہ کے سلسلے میں معذرت خواہانہ انداز اختیار کرنے کی بجائے فخریہ انداز میں اس حکم کو عام کرنا چاہئے۔اللہ تعالیٰ کے حکم کی رو سے عورت پر پردہ فرض عین ہے جس کا تذکرہ قرآن کریم میں ایک سے زیادہ جگہ پر آیا ہے جس کی تفسیر و تشریح کے لئے فضیلۃ الشیخ محمد بن صالح العثیمین نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل بحث کی ہے۔ انہوں نے پردہ کی لاریب شرعی حیثیت کو واجب، مستحب اور متنازعہ مسئلہ بنانے والوں کے دلائل پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے اس کو غیر حقیقت پسندانہ بحث قرار دیا اور ثابت کیا کہ اس قسم کے بودے دلائل قرآن و سنت کے اٹل فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔


     

  • 38 ہمسائیگی کے حقوق (بدھ 19 مئی 2010ء)

    مشاہدات:14558

    دین اسلام نے معاشرتی زندگی کی زمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لئے بہت سے اصول و ضوابط مقرر کئے ہیں تاکہ ایک ایسا پرامن، فلاحی، اسلامی معاشرہ وجود میں آئے جس میں ہر کسی کے حقوق کی ضمانت مہیا کی گئی ہو۔ انہی ذمہ داریوں میں ہمسائے کے حقوق بہت اہمیت کے حامل ہیں، جن کو ادا کئے بغیر پر امن معاشرے کے قیام کا تصور محال ہے۔ چنانچہ ان تمام اخلاقی و قانونی ضوابط سے آگاہ ہونا ہر مسلمان مرد اور عورت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ معروف عرب مصنفہ ام محمود کی زیر تبصرہ کتاب بھی ان کی دیگر اصلاح معاشرہ کی کتب کی طرح ایک گراں قدر تصنیف ہے۔ عصر حاضر میں روز افروں معاشرتی انحطاط کی اصلاح اور حسن معاشرت کے قیام میں مثبت کردار ادا کرنے کی فکر دلاتی ایک عمدہ تصنیف ہے۔
     

  • 39 سنہری کرنیں (جمعہ 07 مئی 2010ء)

    مشاہدات:17799

    اسلام نےخواتین کو جو مقام عطا کیا اورانہیں جواہمیت دی ہے اس کی مثال دنیاکاکوئی دوسرامذہب دینےسےقاصرہےبھلا اور کس مذہب میں آپ کو ملے گا کہ ماں کےقدموں کےنیچےجنت ہےاور کس مذہب کےرہنما آپ کو بتائیں گے کہ ہماری خدمت اور حسن سلوک کی سب سے زیادہ حقدار ہماری مائیں ہیں ۔اور حقیقت یہی ہے کہ شروع ہی سے ہماری نوزائیدہ نسلیں اپنی بالیدگی ،تربیت او ر نشوونما کےلیے اپنی ماؤں کی محتاج رہی ہیں بچوں کی تربیت اور او ران کی مناسب انداز میں اٹھان اتنا بڑا کام ہے اور اس کےلیے اتنی توجہ ،صبر،محبت  اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے کہ جو مرد کے بس سے باہر کی بات ہے ۔الغرض اسی طرح عورت اپنے ہر رشتے کے اعتبار سے بھی  مقدس ومحترم ہوتی ہے چاہے وہ ایک ماں ،نانی،دادی،بہن،بیٹی ،خالہ اور پھوپھی کے روپ میں ہو یا ساس ،بہو کے روپ میں۔عورت کی شخصیت کےایسے تمام پہلو جن میں اس کی ذہانت ،شجاعت،تقوی،پرہیز گاری او ربہادری ظاہرہوتی ہو اس کتاب کی زینت ہیں۔
     

  • 40 مختصرصحیح بخاری اردو ۔ جلد اول (جمعرات 16 جنوری 2014ء)

    مشاہدات:19873

    ’صحیح بخاری‘ امام بخاری کی وہ شہرہ آفاق تصنیف ہے جسےاجماعی طور پر قرآن کریم کے بعد سب سے افضل کتاب ہونے کا شرف حاصل ہے۔ صحیح بخاری کی اہمیت اور قدر و منزلت کا اندازہ اس سے لگائیے کہ صحیح بخاری پر اب تک جتنا کام ہو چکا ہے اس کو شمار کرنے کا صرف تصور ہی کیا جاسکتا ہے ۔ صحیح بخاری میں فقہی مسائل کے اثبات اور ترتیب کے اعتبار سے عوام کو ذرا مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دراصل امام صاحب فقہی مسائل کے استنباط کی خاطر ایک ایک حدیث  بعض دفعہ دس دس جگہ لئے آئے ہیں۔ امام زبیدی نے ’ تجرید التصریح لاحادیث الجامع الصحیح‘ میں اس کا نہایت عام فہم اور قابل تحسین حل پیش کرتے ہوئے تمام تر تکرار کو ختم کیا ہے۔ انہوں نے حدیث کو صرف ایک ایسے باب کے تحت ذکر کیا ہے جس کے ساتھ اس کی مطابقت بالکل واضح اور نمایاں ہے۔ حافظ عبدالستار حماد صاحب نے اس کتاب کا ’مختصر صحیح بخاری‘ کے نام سے رواں، شگفتہ اور جاندار  ترجمہ کیا ہے۔نہایت اہم مقامات پر جامع اور مختصر فوائد نے کتاب کی افادیت کو بڑھا دیا ہے۔


ایڈوانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین: 569
  • اس ہفتے کے قارئین: 4493
  • اس ماہ کے قارئین: 46355
  • کل قارئین : 46597757

موضوعاتی فہرست

ای میل سبسکرپشن

محدث لائبریری کی اپ ڈیٹس بذریعہ ای میل وصول کرنے کے لئے ای میل درج کر کے سبسکرائب کے بٹن پر کلک کیجئے۔

رجسٹرڈ اراکین

ایڈریس

        99--جے ماڈل ٹاؤن،
        نزد کلمہ چوک،
        لاہور، 54700 پاکستان

       0092-42-35866396، 35866476، 35839404

       0092-423-5836016، 5837311

       library@mohaddis.com

       بنک تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں